سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے چار طلبا شہید ہو گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سیل کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے چٹہ بل کے علاقے میں ظلم و ستم کی انتہا کر دی۔ جارحیت پسند بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران چار نہتے کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔ چاروں نوجوان مقامی یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھے۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک واقعے میں بھارتی فوجی کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع تھی۔
کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد ضلع بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا، مظاہرین نے بھارتی فوج کے خلاف نعرے بازی کی۔ فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے تشدد کا اختیار کرتے ہوئے آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوئی فائرنگ کی۔ اس دوران بھارتی فوج کی گاڑی نے ایک کار سوار کو بھی ٹکر مار کر زخمی کردیا۔
مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے سری نگر سمیت حساس اضلاع میں انٹر نیٹ سروس بند کردی ہے جب کہ درجنوں مظاہرین کو حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ حریت پسند رہنما بھی گھروں میں نظر بند ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی قوتوں اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی جانب سے بارہا تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے تاہم بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔