راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کر دی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے 11 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی جب کہ عدالت کی جانب سے3 دیگر دہشت گردوں کو مختلف مدت کی قید کی سزا بھی سنائی گئی، تمام دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کو سنگین کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزا دی گئی، سزا پانے والے افراد مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مالاکنڈ یونیورسٹی پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں بھی ملوث ہیں، دہشت گردوں نے مجسٹریٹ کے سامنے خیبرپختون خوا کے صوبائی رکن اسمبلی عمران خان مہمند سمیت مجموعی طور پر 60 شہریوں کو قتل اور 36 افراد کو زخمی کرنے کااعتراف بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سزا پانے والے دہشت گردوں میں عارف اللہ، بخت محمد، برہان الدین، محمدزیب، سلیم، عزت خان، محمد عمران، یوسف خان، شہیر خان، گل خان اور نادر خان شامل ہیں۔ جب کہ 3 دہشت گردوں کو قید کی بھی سزا سنائی گئی ہے۔ برہان الدین، شہیر خان اور گل خان نے مردان کے علاقے زرگرانو کلی میں ایک نماز جنازہ پر حملہ کیا تھا۔ اس حملے میں ممبر صوبائی اسمبلی عمران خان مہمند سمیت 30 افراد شہید اور 100 زخمی ہوئے تھے۔