عوام عمران خان کی چور دروازے سے انٹری روکیں گے، نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

جہلم (جیوڈیسک) سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو لوٹنے والوں سے کوئی کچھ نہیں پوچھ رہا، مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لیکن جیل بھیجنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔

سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف کا جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا اور پاکستان کا دفاع مضبوط کیا۔ سی پیک منصوبہ اور کراچی میں امن ہماری بدولت ممکن ہوا، لیکن اس ملک میں ایسی خدمات سرانجام دینے والے وزیرِاعظم کو نااہل کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لوگ خوشحال ہو رہے تھے اور مجھے نااہل کر دیا گیا۔ ملک کو ایٹمی قوت قوت بنانے والے کے ساتھ ایسا سلوک دنیا کی تاریخ میں نہیں ہوا۔ میری خدمات نہیں دیکھی اور ایک اقامے پر نکال دیا گیا۔ میرا قصور صرف بیٹے سے تنخواہ نہ لینا ہے۔ پاکستان میں خلوصِ نیت سے کام کرنے والا وزیرِاعظم کبھی عہدے پر نہیں ٹھہر سکا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لیکن دوسری جانب لوٹ مار کرنے والے آرام سے گھروں میں بیٹھے ہیں، سارا زور صرف مجھے کرپٹ ثابت کرنے میں لگایا جا رہا ہے۔ میرا مقدمہ دن رات چلتا ہے اور مجھے جیل بھجوانے کی سر توڑ کوششیں ہو رہی ہیں۔

سابق وزیرِاعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اگلے ستر سال بہتر ہوں گے، ہم ووٹ کی عزت کروائیں گے اور ووٹ کی پرچی پھاڑنے والوں کو آئندہ ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے شیروں کا مقابلہ نہیں کر سکتے کیونکہ کبھی گیڈر بھی شیروں کا مقابلہ کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ قوم عمران خان کی چور دروازے سے اقتدار میں انٹری کی کوشش کو روکے گی۔ اب ایمپائر کی انگلی نہیں اٹھے گی بلکہ عوام کا انگوٹھا چلے گا۔