کراچی (جیوڈیسک) غیر یقینی سیاسی حالات اور سرمایہ کاری کے بیشتر شعبوں کی طویل المدت سرمایہ لگانے میں عدم دلچسپی کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو بھی اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کے بادل چھائے رہے جس سے سرمایہ کاروں کے مزید50 ارب24 کروڑروپے ڈوب گئے۔
کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر61.40 پوائنٹس تک کی تیزی بھی ہوئی لیکن بداعتمادی کی وجہ سے حصص کی فروخت پردباؤ بڑھنے سے تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مندی کی شدت ایک موقع پر453 پوائنٹس کی کمی تک جاپہنچی تھی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پرخریداری سرگرمیوں سے مندی کی شدت میں کمی ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس311.56 پوائنٹس کی کمی سے 44066.96 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس180.91 پوائنٹس گھٹ کر 21595.65، کے ایم آئی 30 انڈیکس 352.40 پوائنٹس کی کمی سے 75527.73 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 59.36 پوائنٹس گھٹ کر 22107.03 ہوگیا، کاروباری حجم پیر کی نسبت17.62 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 15 کروڑ 35 لاکھ14 ہزار 800 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار364 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں86 کے بھاؤ میں اضافہ، 259 کے داموں میں کمی اور19 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔