راولپنڈی (جیوڈیسک) پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے امن کے ساتھ رہنا چاہتا ہے۔ کسی بھی جارحیت کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنر قمر جاوید باجوہ کے زیرِ صدارت 76ویں سالانہ کمانڈرز فارمیشن کانفرنس منعقد ہوئی۔
کمانڈرز فارمیشن کانفرنس میں آپریشن ردالفساد پر پیشرفت اور دہشتگردوں سے کلیئر علاقوں کو سول انتظامیہ کے حوالے کرنے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس کے شرکا نے دہشتگردی کیخلاف جاری آپریشنز پر پیشرفت اور موثر ردعمل دینے کی صلاحیتوں کا جائزہ بھی لیا۔
کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاک فوج دوسرے ریاستی اداروں سے مل کر عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔ شرکا کو قومی سلامتی کو درپیش خطرات، چیلنجز اور جیو سٹریٹیجک ماحول پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریاں اور جذبہ قابل تحسین ہے۔ عوام اور سیکیورٹی اداروں کی عظیم قربانیوں سے کامیابیاں ملیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے امن کے ساتھ رہنا چاہتا ہے۔ کسی بھی جارحیت کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔