اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی بات کی غلط تشریح کی گئی، ان سے منسوب بیان کے کچھ حصے درست نہیں ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ غیر ریاستی عناصر کی سرکوبی کی۔ اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں کرنے دی جائے گی۔
قومی سلامتی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ وضاحتی بیان دینے کا فیصلہ میرا اپنا ہے۔ مجھے کوئی کھینچ رہا ہے نہ کسی کو کھینچنے کی اجازت ہے۔ استعفے کا سوچ رہا ہوں اور نہ ہی دوں گا۔ سول ملٹری تعلقات ویسے ہی ہیں جیسے نواز شریف کے بیان سے پہلے تھے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ نواز شریف کے بیان کو بھارتی میڈیا نے غلط انداز میں اچھالا۔ نواز شریف سے منسوب تین جملے اچھالے گئے، جن کی وضاحت کر دی گئی ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی نے ان الفاظ کی مذمت کی جو غلط پیش کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بات کی غلط تشریح کی گئی، ان سے منسوب بیان کے کچھ حصے درست نہیں ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ غیر ریاستی عناصر کی سرکوبی کی۔ اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں کرنے دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ خلائی مخلوق کی بات کریں تو الیکشن کمیشن برا مان جاتا ہے۔ حکومت اپنے مقررہ وقت سے ایک منٹ پہلے نہیں چھوڑیں گے۔ مخلوق خلائی ہو یا زمینی، ہم الیکشن لڑیں گے اور جیتیں گے۔
انہوں نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ میرے وزیرِاعظم آج بھی نواز شریف ہیں، پارٹی آج بھی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔