کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ کو بڑی دہشتگردی سے بچا لیا گیا،، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 افغانی خود کش حملہ آور ہلاک کر دیئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ میں ایف سی ہیلپ سنٹر پر افغان دہشت گروں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ بارودی مواد سے بھری گاڑی میں دہشتگردوں نے مددگار سینٹر میں گھسنے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر اور مستعد سیکیورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں پر فائر کھول دیا۔ بروقت جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد اندر داخل نہ ہو سکے۔
دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 4 اہلکار زخمی ہوئے۔ پانچوں دہشت گرد خود کش حملہ آور تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملہ گزشتہ رات کلی الماس میں مارے گئے دہشتگردوں کے ساتھیوں کی جوابی کارروائی تھی۔ سیکیورٹی فورسز علاقے کو کلیئر کروانے میں مصروف ہے جبکہ صورت حال کنٹرول میں ہے۔