کراچی (جیوڈیسک) بجٹ خسارے کا ہدف حاصل نہیں کیا جا سکا۔ وزارت خزانہ کے مطابق 9 ماہ میں بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 4.3 فیصد تک پہنچ گیا۔ 524 ارب روپے کا بیرونی اور 956 ارب روپے کا اندرورنی قرضہ لیا گیا۔
جولائی سے مارچ کے دوران بجٹ خسارہ اپنے ہدف 4.1 فیصد سے بڑھ کر 4.3 فیصد تک پہنچ گیا جو گذشتہ مالی سال کے مقابلے 280 ارب روپے زائد ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق بجٹ خسارے کو پورا کرنے کی خاطر 1480 ارب کا مجموعی قرضہ لیا گیا جس میں سے 524 ارب روپے کا بیرونی اور 956 ارب روپے کا اندرورنی قرضہ لیا گیا۔ 9 ماہ کے دوران 1172 اب روپے صرف سود کی ادائیگی کی مد میں ادا کیے گئے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران سود کی ادئیگی پر 1034 ارب روپے ادا کیے گئے تھے۔
وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق 9 ماہ میں دفاع پر 624 ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران دفاع پر 536 ارب روپے خرچ ہوئے تھے۔ ان تمام اخراجات کے مقابلے حکومت نے رواں مالی سال نو ماہ میں 2 ہزار 796 ارب روپے کا ٹیکس وصول کیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 2 ہزار 463 ارب روپے کا ٹیکس وصول ہوا تھا۔