گزشتہ دنوں پولیس وائر لیس ٹریننگ سکول ( PWTS) بہاولپور میں ٹریننگ مکمل کرنے والے 200 کانسٹیبلان کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی،اس تقریب کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی ٹیلی کمیونی کیشن اینڈ ٹرانسپورٹ پنجاب شاہد جاوید چودھری اور ایس ایس پی ٹیلی کمیونی کیشن پنجاب ڈاکٹر عابدخان تھے۔ سنہ 1956 ء میں نواب آف بہاولپور سر صادق محمد خان کی خصوصی کاوشوں سے قائم ہونے والا پولیس وائر لیس ٹریننگ سکول بہاولپور اپنی نوعیت کا پورے پنجاب میں واحد ادارہ ہے جہاں پنجاب پولیس ٹیلی کمیونی کیشن ، ہائی وے پٹرول پولیس، موٹروے پولیس سے تعلق رکھنے والے وائر لیس آپریٹرز تکنیکی و فنی تربیت مکمل کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ اسلام آباد پولیس، آزاد کشمیر پولیس اور شمالی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے ریکروٹس کو ٹیلی کمونی کیشن ، ٹیلی گرافی و وائرلیس کے دیگر کورسز کے علاوہ کمپیوٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی، جدید ہتھیاروں کے استعمال کی تربیت اور فزیکل تربیت بھی دی جاتی ہے۔1956ء سے 1987ء تک یہ ٹریننگ سکول ایس پی ٹیلی کمیونی کیشن عہدے کے افسران بطور سپریم کمانڈر چلاتے رہے، 1987 ء میں اسے ایک علیحدہ یونٹ ڈیکلیئر کردیاگیا ، اور ڈی ایس پی عہدے کے افسران کو یہاں پرنسپل تعینات کرکے نظام چلایا جانے لگا جس سے اس سکول کی ایڈمنسٹریشن اور کارکردگی میں بہتری آئی۔
اس وقت ڈی ایس پی خواجہ طغرل ضمیر بطور پرنسپل پولیس وائرلیس ٹریننگ سکول بہاولپور کا نظم و ضبط احسن طور پر چلارہے ہیں۔قیام سے ابتک پولیس وائرلیس ٹریننگ سکول بہاولپور میں مختلف نوعیت کے کل 428کورسز کروائے جاچکے ہیں جن میں وائرلیس ٹیلی گرافی کورس، ویڈیو لنکنگ کورس، ٹیلی پرنٹر کورس، لوئر سکول کورس اور ریفریشر کورسز شامل ہیں۔پولیس لائن بہاولیور کے اندر قائم اس سکول میں گزشتہ دنوں 274 ویں وائر لیس ٹیلی گرافی کورس کی تربیت مکمل کرنے والے ، پنجاب پولیس ، موٹروے پولیس پٹرولنگ پولیس کے 200 کانسٹیبلان کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب کے موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے کانسٹیبلان کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نواز ا گیا۔
دوران ٹریننگ انہیں وائرلیس چینل VHF، HF ، مورس سکوڈ، ای میل ، ٹیلی پرنٹر اور وائرلیس کے استعمال سے متعلق تربیت و آگاہی فراہم کی گئی تاکہ یہ پیشہ وارانہ امور باحسن و خوبی سرانجام دے سکیں ۔ مہمان خصوصی ڈی آئی جی ٹیلی کمیونی کیشن اینڈ ٹرانسپورٹ پنجاب شاہد جاوید چودھری اور ایس ایس پی ٹیلی کمیونی کیشن پنجاب ڈاکٹر عابدخان نے اہلکاروں کوٹریننگ کے مراحل کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ دہشت گردی اور جرائم کے خلاف افسر ان اور ریکروٹس کے عزم اور جذبے کو بہتر طور پر استعمال کرنے کے لئے تربیت انتہائی ضروری ہو تی ہے۔
یہ تربیت آپ کی ذاتی اور بالخصوص پیشہ ورانہ زندگی میں اایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، موجودہ ملکی حالات میں امن و امان کا قیام اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ایسے چیلنجز ہیں جس کے مقابلے میں پولیس افسران اورجوان اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ڈھال ثابت ہوئے ہیں۔بجا طور پر بڑے اور نیک مقاصدکے حصول کیلئے فنی تربیت کے ساتھ ساتھ جدید اسلحہ، سائنسی ساز و سامان کے استعمال کی تربیت بھی بنیادی ضروریات ہیں۔ پولیس وائرلیس ٹریننگ کے شعبے میں یہ سکول بلا شبہ ایک بہترین اور مستند ادارے کی حیثیت رکھتا ہے اوراس کی کارکردگی کی وجہ سے یہ ادارہ دیگر تربیتی اداروں کے لئے قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔اس ادارے کے تربیت یافتہ جوان اپنے جذبے اور صلاحیتوں کے باعث پنجاب پولیس اور دیگر اداروں میں اپنی بہترین خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
پرنسپل خواجہ طغرل ضمیر اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے جن کی زیر نگرانی اس سکول میں زیر تربیت افسران و جوانوں کی تربیت کے ساتھ ساتھ ان کی تمام ضروریات کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اور تمام سینئر افسران پولیس کے جوانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر وقت کوشاں ہیں، کیونکہ پولیس ہی ایک ایسا ادارہ ہے جو شہریان کی جان و مال کا محافظ اور معاشرے میں امن قائم کرنے کا ضامن ہے۔ بلاشبہ ٹریننگ کسی بھی شعبہ زندگی میں بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے ، اگر بنیاد مضبوط ہو تو اس پر عمارت بھی پائیدار ہوتی ہے۔دور جدید کے چیلنجز سے نبٹنے کے لئے پولیس فورس کو جدید اسلحہ کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔
Rana Aijaz Hussain
تحریر: رانا اعجاز حسین چوہان ای میل:ranaaijazmul@gmail.com رابطہ نمبر:03009230033