لاہور (پریس ریلیز) غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ نے نوجوان صحافی و قلم کار اور پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کے چیئرمین فرخ شہباز وڑائچ کو ”یوتھ ایمبیسیڈر فار ایجوکیشن” مقرر کر دیا۔ اس امر کا اعلان غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا۔ نوجوان صحافی نے ٹرسٹ کیلئے ایک عرصہ پر مشتمل خدمات کے اعتراف میں سینئر تجزیہ کار سہیل وڑائچ کے ہاتھوں یوتھ ایمبیسیڈر ایوارڈ وصول کیا ۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر غزالی ٹرسٹ سید عامر جعفری کا کہنا تھا کہ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ فرخ شہباز کی صلاحیتوں کا معترف اور ملک خداداد کیلئے ان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
فرخ شہباز وڑائچ نے بارہا ادارے کی راہنمائی ، سرپرستی اور پیغام اپنے حلقہ احباب اور عام افراد تک پہنچانے میں معاونت کی جس سے ٹرسٹ کے تعلیمی منصوبوں کی ترویج ہوئی ہے ۔ انہوں نے اس امر کا بھی اعتراف کیا کہ آج غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کامیابی کے جس مقام پر ہے ، بلاشبہ اس کا سہرا فرخ شہباز جیسی علم دوست شخصیات کے سر ہے جنہوں نے ہر موڑ پر ہماری حوصلہ افزائی کی اور ادارے کی ترقی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ایسے افراد کو بطور تعلیم کا سفیر منسلک کرنا ٹرسٹ کیلئے باعث اعزاز ہے۔
سید عامر جعفری نے اس امید کا ظہار کیا کہ فرخ شہباز پاکستان کے دیہی علاقوں کو تعلیم یافتہ بنانے کیلئے اپنی رضاکارانہ محبت اور تعاون کا رشتہ ٹرسٹ کے ساتھ یونہی قائم رکھیں گے ۔ فرخ شبہاز وڑائچ کی بطور یوتھ ایمبیسیڈر تقرری پر غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ کے چیئرمین مقصود احمد اور بورڈ آف ٹرسٹیز کے ارکان نے نوجوان صحافی کو مبارکباد پیش کی ہے۔