انتخابات 2018ء: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن

Election

Election

اسلام آباد (جیوڈیسک) آج کاغذاتِ نامزدگی جمع کروانے کا آخری دن ہو گا۔ ملک بھر سے الیکشن لڑنے والے امیدوار آج فائنل ہو جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی، کھلاڑیوں نے تیاری بھی تیز کر دی۔ ملک بھر میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے اور وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ٹی آئی کے شفقت محمود نے این اے 130سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ چودھری نثار نے این اے 59، پی پی 10 اور پی پی 12 سے کاغذات جمع کرائے۔ خواجہ آصف نے بھی این اے 73 سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ ادھر این اے 131 سے سابق وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق کا نام فائنل کر لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ سعد رفیق این اے 129 سے بھی امیدوار ہیں۔

سابق وزیرِ خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ 25 جولائی کو خلقِ خدا کی عدالت میں اب فیصلہ دینا ہے، جن لوگوں نے اپنی وفاداریاں اور ضمیر فروخت کئے، یہ ملک کے لئے اچھا شگون نہیں ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے مرکزی پالیمانی بورڈ نے ٹکٹوں کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ شہباز شریف این اے 132 سے امیدوار ہونگے، این اے 124 سے حمزہ شہباز جبکہ 127 سے مریم نواز انتخابات میں حصہ لیں گی۔

کھوکھر برادران بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 3 ٹکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ این اے 135 سے سیف کھوکھر، این اے 136 سے افضل کھوکھر اور پی پی 161 سے فیصل کھوکھر امیدوار ہونگے۔

ادھر ن لیگ کے خواجہ احمد حسان، پرویز ملک اور شیخ روحیل اصغر نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ خواجہ سعد رفیق نے این اے 134 سے اپنے نمائندے کے ذریعے کاغذات حاصل کئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الہیٰ نے گجرات کے حلقوں این اے 69 اور پی پی 30 سے جبکہ ان کے صاحبزادے مونس الہیٰ نے پی پی 30 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

سابق وزیرِاعظم شاہد خاقان عباسی کا پی ٹی آئی کے امیداوار صداقت علی عباسی سے مقابلہ ہو گا۔ مری کے حلقہ این اے 57 سے کانٹے کا مقابلہ ہونے کی توقع ہے۔

کراچی میں این اے 255 سے ایم کیو ایم بہادر آباد کے کنور نوید جمیل نے بھی کاغذات جمع کرا دیئے۔ ایس ٹی پی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے نوابشاہ سے آصف علی زرداری کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانے کا کل آخری دن ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے عبدالعلیم خان نے این اے 129، شفقت محمود نے این اے 130، کرامت کھوکھر این اے 135 اور اعجاز چودھری نے این اے 133 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے۔

پیپلز پارٹی کے عزیز الرحمان چن نے این اے 123 سے زاہد اقبال ملک کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔ اس طرح دیگر اہم رہنماؤں نے بطور قومی اسمبلی کا امیدوار کے طور پر کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے۔

کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ 11 جون تک جاری رہے گا جس کے بعد 12 جون سے امیدواروں کی سکروٹنی کا عمل شروع ہو جائے گا جو کہ 19 جون تک چلتا رہے گا۔