اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ میری کتاب ابھی شائع نہیں ہوئی تویہ کسی کی ساکھ کو کیسے نقصان پہنچا سکتی ہے۔
ریحام خان حال ہی میں بھارتی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایک بار پھر اپنی کتاب کا دفاع کرتی نظرآئیں۔ انہوں نے کہا کہ کتاب کے مبینہ مندرجات تحریک انصاف نے جاری کئے ہیں، کتاب کے مبینہ مندرجات سامنے لانے والوں کا عمل چوری کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے اس تاثرکی نفی کی کہ الیکشن کے دنوں میں کتاب شائع کرنے کا مقصد عمران خان سے انتقام لینا ہے۔
ریحام خان نے کہا ان کی کتاب ابھی شائع ہی نہیں ہوئی، تو یہ کسی کی ساکھ کو کیسے نقصان پہنچا سکتی ہے، اگر کوئی جنس یا پیسے کی بنیاد پر پارٹی میں پوزیشن حاصل کرتا ہے تو یہ معاملہ عوام کے سامنے آنا چاہیے۔
عمران خان کی سابق اہلیہ نے کہا میں نے کتاب بہت سوچ سمجھ کر ٹھنڈے دماغ سے لکھی ہے۔ یہ کتاب صرف عمران خان سے متعلق نہیں ہے بلکہ ان کی کتاب ذاتی تجربات پر مبنی ہے جس میں انہوں نے خود کو بطوربیٹی، بیوی اور والدہ کے طور پر پیش کیا ہے اور اپنی غلطیوں کو لوگوں کے سامنے رکھا ہے اسلیے یہ کتاب دوسروں کیلئے مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔