بنوں (جیوڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ قوم غریب اور لٹیرے امیر ہو گئے، ہماری حکومت کا چھ، چھ دفعہ باریاں لینے والی حکومتوں سے موازنہ کیا جائے۔
بنوں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ وہ انتخابات میں اس سیاسی جماعت کو فتح نصیب کرے جو جو پاکستان کو غربت سے نکالے اور ہمیں دنیا بھر میں عزت کا مقام دلوائے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے پشاور پیرس بنانے کا دعویٰ نہیں کیا لیکن ہماری حکومت کا چھ، چھ دفعہ باریاں لینے والی حکومتوں سے موازنہ کیا جائے۔ ہم نے خیبر پختونخوا میں آنے والی نسلوں کے لیے درخت لگائے، پہلی دفعہ ہیلتھ کارڈ جاری کیے، بہترین بلدیاتی نظام لے کر آئے، صوبے میں پولیس، تعلیم اور ہسپتالوں کا نظام ٹھیک کیا۔ آج خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں کی تعداد 9 ہزار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سول کیس کا ایک سال کے اندر فیصلہ ہوتا ہے۔ پاکستان کی بہترین پولیس فورس خیبر پختونخوا میں ہے۔ پانچ سالوں میں60 ہزار اساتذہ کو بھرتی کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے خیبر پختوںوا میں چار ہائیڈرو پاورسٹیشن سے 74 میگاواٹ بنائے اور 700 میگاواٹ کے ہم نے ایم او یو سائن کیے۔ ناران، شگوکچ، بٹاکنڈی اور گوربند پاور سٹیشن چل پڑتے تو پانی پر 700 میگاواٹ بننا تھے لیکن مجھے کیوں نکالا حکومت نے دو سال تک 700 میگاواٹ بننے نہیں دیئے، انہیں خوف تھا اگر 700 میگاواٹ بن گئے تو عمران شریفوں کا تختہ نہ الٹ دے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم غریب لیٹرے امیر ہو گئے، پانچ سال میں 13 ہزار ارب سے قرضہ 27 ہزار ارب اور 10 سال پہلے ڈالر 60 روپے کا تھا، آج ڈالر 125 روپے تک پہنچ گیا۔ پچیس جولائی کو فیصلہ ہو گا کہ نیا پاکستان بنے گا یا پھر چوروں کا پاکستان رہے گا۔