لاہور اسلام آباد گجرات: قوم ختم نبوت ترمیم کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو مسترد کر دے۔ او آئی سی گستاخانہ خاکوں کو روکنے کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی کرائے۔ تحریک لبیک پاکستان نے قومی اسمبلی کیلئے 178 پنجاب اسمبلی کیلئے 265 سندھ اسمبلی کیلئے 72 خیبر پختون خواہ اسمبلی کیلئے 41 اور بلوچستان اسمبلی کیلئے 10 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں اور الیکشن مہم تیز کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم حسین رضوی اور بانی پیر محمد افضل قادری کا اعلان۔ انہوں نے کہا ہے کہ ختم نبوت قانون بدلنے والوں کو نااہل قرار دیا جائے اور ان کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عاشقان مصطفیۖ کے قافلہ میں شامل ہوجائیں اور کرین پر مہر لگاکر تحریک لبیک پاکستان کو کامیاب بنائیں۔ دوسری طرف تحریک لبیک کے زیراہتمام ملک بھر میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاج کیا گیا اور متعدد شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں اور مطالبہ کیا گیا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی روک تھام کیلئے مسلم حکمران فوری کردار ادا کریں۔
اسلام آباد سے ایک رپورٹ کے مطابق تحریک لبیک کے این اے 53 اسلام آباد سے امیدوار افنان قادری جو کہ ختم نبوت دھرنا فیض آباد میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے تھے انہوں نے الیکشن کمیشن اور پیمرا کو درخواست دی ہے کہ ہماری انتخابی مہم کی میڈیا کوریج روک کر ناانصافی کی جارہی ہے۔ الیکشن آرٹیکل 218 کے تحت ہمیں میڈیا پر مساوی حقوق دلائے جائیں۔