لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ن لیگ بھاشا ڈیم کو انتخابی منشور میں شامل کرنے سے پہلے یہ بتائے دس سال تک اس کو کیوں روکے رکھا؟ چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ 2006ء میں بھاشا ڈیم کا افتتاح جنرل پرویز مشرف اور چودھری پرویز الہیٰ نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ پاکستان کی قومی سلامتی اور بقا کا مسئلہ بن چکا ہے، چیف جسٹس کی جانب سے بھاشا ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔
چودھری شجاعت نے کہا کہ سیاستدان جمہوریت کا راگ تو الاپتے ہیں لیکن کتنے افسوس کی بات ہے کہ جو کام سیاستدانوں کا تھا وہ بھی عدلیہ کو کرنا پڑ رہا ہے۔ سیاستدان یہ تو کہتے ہیں کہ چیف جسٹس دخل اندازی کرتے ہیں لیکن دس سال تک سیاستدانوں کو کس نے بھاشا ڈیم بنانے سے روکا تھا۔