اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف نے عمران خان کے اثاثوں کی تفصیلات پارٹی ویب سائٹ پر جاری کر دیں، عمران خان کا بیان حلفی بھی عوام کی آگاہی کے لئے ویب سائٹ پر لگا دیئے گئے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کی ویب سائیٹ پر اپنے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں تاکہ ہر کوئی انکے اثاثوں سے آگاہ ہوسکے۔
ویب سائیٹ پر رکھی گئی دستاویزات کے مطابق عمران خان کے اثاثوں کی کل مالیت 3 کروڑ 86 لاکھ 94 ہزار روپے سے زائد ہے، گزشتہ سال کی نسبت رواں سال اثاثوں میں 23 لاکھ 2 ہزار روپے کی کمی ہوئی۔
عمران خان نے 168 ایکڑ زرعی اراضی پر 2017 میں 3 لاکھ 19 ہزار روپے کا زرعی ٹیکس ادا کیا، عمران خان نے سالانہ آمدن 47 لاکھ 76 ہزار 611 روپے ظاہر کی۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے 2017 کی سالانہ آمدن 47 لاکھ 76 ہزار 611 روپے ظاہر کی، سالانہ آمدن پر 1 لاکھ 3763 روپے انکم ٹیکس ادا کیا، پی ٹی آئی چیئرمین نے زیرکفالت افراد میں بشرٰی بی بی، قاسم خان اور سلیمان خان کو ظاہر کیا ہے۔
عمران خان نے بنی گالہ جائیداد 1 کروڑ 14 لاکھ 71 ہزار روپے ظاہر کی ہے، عمران خان کے پاس بنی گالہ میں ہی 6 کنال کی اراضی کی مالیت 50 لاکھ 50 ہزار روپے ظاہر کی گئی ہے۔
گرینڈ حیات پلازہ میں 2 بیڈ کا فلیٹ ظاہر کیا جس کی مالیت 1 کروڑ 19 لاکھ 70 ہزار روپے بنتی ہے۔ عمران خان کی ملکیت میں ایک بھی ذاتی گاڑی نہیں ہے، عمران خان کے پاس 2 لاکھ روپے کے مویشی اور 5 لاکھ کا فرنیچر ہے۔