ننکانہ صاحب (جیوڈیسک) سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب نے کارکنوں سے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والا 13 جولائی کو پہنچ رہا ہے، لیگی کارکن لاکھوں کی تعداد میں لاہور پہنچیں۔
میاں شہباز شریف نے 13 جولائی کے روز سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو لاہور پہنچنے کی کال دیدی ہے۔ ننکانہ صاحب اور موڑ کھنڈا میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں سب کا بلا تفریق احتساب کرنا چاہیے، جنہوں نے اربوں کھائے وہ جلسوں میں تقریریں کرتے ہیں لیکن جنہوں نے دن رات خدمت کی نیب ان کے دن رات چکر لگواتا ہے، اللہ نے موقع دیا تو لوٹی ہوئی دولت قوم کے قدموں میں واپس لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس مٹی کا سپوت ہے جس نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور ملک سے اندھیرے ختم کیے۔ انھیں ایٹمی دھماکے کرنے پر دھمکیاں اور لالچ دی گئی۔ 2013ء میں بجلی جاتی تھی اور آتی نہیں تھی، نواز شریف کی قیادت میں گیارہ ہزار میگاواٹ بنائے گئے۔
سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والا نواز شریف وطن پہنچ رہا ہے، ہم سب نے ان کے استقبال کے لئے جانا ہے، 13 جولائی کو لاکھوں لیگی کارکن لاہور پہنچیں۔
انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ پچیس جولائی کو عوام نے شیر پر ٹھپا لگایا تو بھارت کو کئی محاذوں پر شکست دیں گے۔ آپ نے موقع دیا تو پاکستان کو ملائیشیا اور ترکی جیسا بنائیں گے۔