ٹیکسلا (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما چوہدری نثار نے کہا ہے کہ کسی جیپ گروپ کا حصہ ہوں نہ کسی کو جانتا ہوں۔
ٹیکسلا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ میں نے جیپ کا نشان لینے کا خود فیصلہ کیا، جیپ کا نشان لینے پر غلط افواہیں پھیلائی گئیں، تین آپشن تھے، ہم نے جیپ لے لی اور جن لوگوں نے جیپ لی ان سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں چار امیدواروں نے (ن) لیگ کے ٹکٹس واپس کیے اور جیپ لے لی، ان سے بھی کوئی تعلق نہیں، مکمل طور پر اپنے نشان پر فوکس ہوں، میرا کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہے، گروپ بنانا ہوتا تو ایک سال پہلے بنا لیتا لیکن میں کسی جیپ گروپ کا حصہ ہوں اور نہ کسی کو جانتا ہوں۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور عمران خان سمیت کسی کو کرپشن یا دیانتداری کا سرٹیفیکٹ نہیں دے سکتا۔
آصف زرداری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہیے جس سے الیکشن متنازع ہوجائے، الیکشن سے پہلے گرفتاری نہیں ہونی چاہیے۔
سابق وزیر داخلہ نے ایک بار پھر نوازشریف پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ میں نے کہا آپ مشکل میں ہیں اداروں سے لڑائی مول نہ لیں، آپ نے کہا بے وفائی کی گئی ہے، پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا ہے،میں پھر بھی ساتھ چلا، کنونشن سینٹر میں ووٹ دیا، اسمبلی میں اوروں کو بھی کہا کہ یہ مشکل میں ہیں انہیں ووٹ دیں، میں تو نواز شریف کے ساتھ کھڑا رہا۔