صوابی (جیوڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں پاکستان میں فساد ہو اور الیکشن میں لوگ نہ نکلیں جب کہ پاکستان میں بیٹھی ہوئی کچھ قوتیں بھی بیرونی قوتوں کا ساتھ دے رہی ہیں۔
صوابی کے گوہاٹی اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ مستونگ میں دہشت گردی پر بہت دل خراب ہوا، نواب سراج رئیسانی محب وطن پاکستانی تھے جب کہ مجھے بھی کہا گیا کہ آپ کی جان کو سب سے زیادہ خطرہ ہے، خطرہ ہے تو کیا بنی گالہ سے باہرنہ نکلوں، ہم دھماکوں کے باوجود کوئی جلسہ منسوخ نہیں کریں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی پھیل رہی ہے اور بم دھماکوں کی سازش باہر سے ہورہی ہے اور پاکستان میں بیٹھی ہوئی کچھ قوتیں بھی بیرونی قوتوں کا ساتھ دے رہی ہیں، دھماکے کرانے والے پاکستان میں انتخابات ملتوی کرانا چاہتے ہیں جب کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں پاکستان میں فساد ہو اور الیکشن میں لوگ نہ نکلیں۔
چیرمین پی ٹی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے جیل جانے پر شہباز شریف بہت خوش ہیں اور انہوں نے ہی میاں صاحب کو کہا کہ واپس آئیں، لاکھوں لوگ استقبال کیلیے نکلیں گے جب کہ نوازشریف خاندان کا بزنس کرپشن تھا۔ انہوں نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف آپ کو بھی نوازشریف کے ساتھ اڈیالہ جانا ہے، 25 جولائی کے بعد آپ کی بھی باری ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ایسے لوگوں کو لیڈرنہ مانیں جس کے اثاثے بیرون ملک پڑے ہیں، زرداری بتائیں ان کے پاس پیسے کہاں سے آئے، وہ بھی 35 ارب کے منی لانڈرنگ اسکینڈل میں ملوث ہیں جب کہ نوازشریف اور آصف زرداری کے دور حکومت میں نااہل لوگوں کو اداروں کے اہم عہدوں پرلگایا گیا۔