اسلام آباد (جیوڈیسک) مستونگ، پشاور اور بنوں دھماکوں پر ملک بھر میں يوم سوگ منایا جارہا ہے جب کہ سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم بھی سرنگوں ہیں۔
گزشتہ چند روز کے دوران دہشت گردی کے تین بڑے واقعات پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے اور اس موقع پر تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رکھا گیا ہے۔
مستونگ دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سراج رئیسانی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش حملے کے نتیجے 131 افراد شہید ہوگئے تھے۔
سانحہ مستونگ کے بعد مستونگ کی فضا بدستور سوگوار ہے اور سیاسی و انتخابی سرگرمیاں بھی معطل ہیں،بیشتر سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے انتخابی دفاتر دوسرے روز بھی بند ہیں۔
اسی طرح پشاور خودکش حملے میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور سمیت 22 افراد شہید ہوئے جب کہ بنوں میں متحدہ مجلس عمل کے انتخابی امیدوار اکرم خان درانی کے قافلے کو بھی دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔
سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہید سراج رئیسانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور کہا کہ ہم ایک انتہائی محب وطن پاکستانی سے محروم ہو گئے، بطور قوم دہشت گردی اور انتہا پسندی کے چیلنجز کا سامنا کیا ہے، دشمن قوتوں کا جرأت مندانہ مقابلہ کریں گے۔