بلاوایو (جیوڈیسک) پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے دی، پانچ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان نے 195 رنز کا ہدف 37ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے فخرزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا اور 119 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔ امام الحق 44 رنز پر رن آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد بابر اعظم بیٹنگ کے لیے آئے۔
فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنایا اورایک روزہ کیریئر میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی۔ میچ کے اختتام پر فخرزمان 117 اور بابر اعظم 29 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بہترین اننگز پر فخر زمان مین آف دی میچ کے حقدار قرار پائے۔
زمبابوے کا کوئی بھی بولر وکٹ نہ لے سکا۔ اننگز کی واحد وکٹ امام الحق کی صورت میں گری جو رن آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ان کی پوری ٹیم 50ویں اوور میں 194 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ زمبابوے کی جانب سے مساکادزا 59 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ پیٹر مور نے بھی 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ زمبابوے کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 194 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
گرین شرٹس کی جانب سے عثمان خان شنواری نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 شکار کیے، حسن علی نے 3 اور شعیب ملک نے ایک وکٹ حاصل کی۔