راولپنڈی (جیوڈیسک) ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی کو عمر قید اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔ انسداد منشیات عدالت میں گزشتہ شب محفوظ فیصلہ سنایا گیا جس کے بعد تحریری فیصلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ حنیف عباسی سزا سنائے جانے کے بعد الیکشن لڑنے کے لیے بھی نااہل قرار پائے ہیں، وہ قومی اسمبلی کے حلقہ 60 سے ن لیگ کی ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے تھے۔
انسداد منشیات عدالت کے جج سردار اکرم خان کی جانب سے محفوظ فیصلہ سنانے کے بعد حنیف عباسی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا تھا جنہیں بعد ازاں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔ حنیف عباسی پر 502 کلو گرام ایفی ڈرین منشیات سمگلروں کو فروخت کرنے کا الزام تھا۔
دوران تفتیش حنیف عباسی 363 کلو ایفی ڈرین کے قانونی استعمال کا ثبوت دے سکے تھے تاہم 137 کلو گرام ایفی ڈرین کے ادویات میں استعمال کا ثبوت فراہم نہیں کر سکے جس پر انھیں سزا سنا دی گی۔ انسداد منشیات عدالت نے دیگر 7 ملزمان کو بری کر دیا۔