سرگودھا (جیوڈیسک) شیر پر مہر لگا کر نواز شریف اور مریم کو جیل سے باہر لانا ہے، شہباز شریف کا سرگودھا میں کارکنان سے خطاب، کہا کہ 25 جولائی کو فتح ن لیگ کا مقدر بنے گی۔
سرگودھا میں مسلم لیگ ن کا پاور شو، صدر پاکستان مسلم لیگ ن میاں محمد شہباز شریف نے جلسہ عام میں کارکنان سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی پاکستان کی تاریخ کا اہم موڑ ہے، شیر پر مہر لگا کر نواز شریف اور مریم نواز کو جیل کی سلاخوں سے باہر لانا ہے۔
انہوں نے کارکنان سے خطاب میں مزید کہا کہ کیا کبھی کسی نے دیکھا ایک باپ کے سامنے بیٹی کو گرفتار کیا جائے، مریم کے باپ نے پاکستان سے اندھیرے ختم کیے۔ نوازشریف نے چھوٹے کسانوں کو بلاسود قرض دیے، 6 ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کوعظیم قوم بنایا، پورے پاکستان میں موٹرویز کے جال بچھائے۔ یہ سارے کام نوازشریف نے کیے ہیں۔
عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جھوٹے، بہتان، الزام خان کا نام یوٹرن ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان میں جتنے بھی یوٹرن ہیں وہاں عمران کی تصویر لگا دی جائیں۔ خیبرپختونخوا کی سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں بلیک کمپنی کو میٹرو کا ٹھیکا دیا گیا، پشاور کھنڈر بن گیا ہے، میٹرو نہیں بنی۔ کیا آپ پشاور کی طرح خدانخواستہ پنجاب کو برباد ہوتے دیکھ سکتے ہو۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے سرگودھا کے کارکنان سے وعدہ کیا کہ آپ نے موقع دیا تو پاکستان کو ملایشیا، ترکی بناؤ گا، بھاگٹا کو تحصیل اور ہسپتال بنا کر دوں گا۔ انہوں نے سرگودھا والو سے درخواست کی کہ میرے امیدوار کامیاب کراؤ، سرگودھا کو لاہور بنا دوں گا۔