میرے بیٹوں کا باپ پاکستان کا اگلا وزیر اعظم۔ جمائما گولڈ سمتھ

عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عمران خان کو ملک کا اگلا وزیر اعظم قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں کو بھی مبارک باد دی۔

Jemima Goldsmith

Jemima Goldsmith

جمائما گولڈ سمتھ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پہلی بیوی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ طلاق کے باوجود جمائما گولڈ سمتھ اور عمران خان کے درمیان دوستانہ رشتہ ہے۔ انہوں نے انتخابی مہم میں بھی کئی مرتبہ عمران خان کے حق میں ٹوئٹس کیں اور عمران خان کے خلاف عدالتی کیس میں بھی اپنے سابق شوہر کے ساتھ تعاون کیا تھا۔

اب تک کے انتخابی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف قومی اسمبلی کی نشستوں کے اعتبار سے دیگر جماعتوں سے آگے ہے اور عین ممکن ہے کہ وہ پاکستان کی اگلی حکومت قائم کرے۔ ان ابتدائی نتائج کے بعد جمائما گولڈسمتھ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا، ’’بائیس سال بعد، کئی شرمندگیوں، مشکلات اور قربانیوں کے بعد میرے بیٹوں کا باپ پاکستان کا اگلا وزیر اعظم ہے۔ یہ ناکامی کو تسلیم کرنے، عقیدے اور استقامت کی اعلیٰ مثال ہے۔‘‘ جمائما نے اپنی ٹویٹ میں بھی لکھا کہ اب عمران خان کے لیے چیلنج یہ ہے کہ وہ یہ یاد رکھیں کہ آخر وہ سیاست میں آئے کیوں تھے۔

عمران خان نے جمائما سے علیحدگی کے ایک طویل عرصے بعد ریحام خان سے سن 2014 میں شادی کی تھی۔ ریحام خان سے ان کی شادی صرف نو ماہ تک ہی قائم رہی۔ ریحام سے علیحدگی کے بعد کچھ عرصہ قبل عمران خان نے ایک مذہبی شخصیت کے طور پر جانے والی بشریٰ مانیکا سے شادی کر لی تھی۔ جہاں جمائما خان عمران خان کی کھل کر حمایت کرتی ہیں، وہیں ریحام خان پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کی بہت بڑی ناقد ہیں۔ انتخابات سے کچھ روز قبل ہی انہوں نے اپنی خودنوشت میں عمران خان کے ساتھ اپنی شادی کی بابت کئی متنازعہ باتیں لکھیں تھیں۔ اس کتاب میں انہوں نے عمران خان پر نشہ کرنے سمیت ان کے کرادر پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔