اسلام آباد (جیوڈیسک) پنجاب میں حکومت سازی کے لیے ن لیگ اور تحریک انصاف میں رسہ کشی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پی ٹی آئی نے آزاد امیدواروں سے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔
پنجاب میں کس کے نام کا سکہ چلے گا،کون تخت لاہور پر بیٹھے گا، حکمرانی کی بساط پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف آمنے سامنے آگئے، نمبر گیم کی چالوں سے مد مقابل کو زچ کرنے کی بازی شروع ہو گئی۔
دونوں سیاسی جماعتوں کی جانب سے حکومت بنانے کے لیے دعوے اور جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گئے ہیں ، آزاد اراکین سے رابطے شروع کر دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نتائج کے مطابق ن لیگ129 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ تحریک انصاف کا 123 نشستوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے۔
پنجاب میں حکومت بننے کی صورت میں ن لیگ کی جانب سے حمزہ شہباز کو وزارت اعلیٰ کیلئے میدان میں اتارنے جانے کا امکان ہے۔
شہباز شریف نے خبردار کردیا ہے کہ اگر ن لیگ کو حکومت بنانے سے روکا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔