ن لیگ نے پنجاب میں حکومت سازی کیلئے چوہدری نثار سے رابطہ کر لیا

Chaudhry Nisar

Chaudhry Nisar

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں حکومت سازی کے لیے چوہدری نثار سے رابطہ کر لیا۔ پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے درمیان رسہ کشی جاری ہے اور دونوں جماعتوں کی جانب سے مطلوبہ ارکان کی تعداد حاصل ہونے کے دعوے کیے جارہے ہیں تام صورتحال اب تک واضح نہیں ہوسکی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں حکومت سازی کےلیے اپنی پارٹی کے ناراض رہنما چوہدری نثار علی سے رابطہ کرلیا ہے اور انہوں نے لیگی رہنماؤں کو مثبت جواب دیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہناہےکہ (ن) لیگ کو مزید 4 آزاد اراکین پنجاب نے حکومت سازی کے لیے یقین دہانی کرادی ہے جس کے بعد (ن) لیگ نے 13 ارکان کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ صوبے میں حکومت بنانے کے لیے 148 ممبران کی ضرورت ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا ہےکہ ہم پر امید ہیں اور (ن) لیگ ہی پنجاب میں حکومت بنائے گی، پنجاب میں ہمارے ممبران اسمبلی تعداد زیادہ ہے اس لیے حکومت بنانا ہمارا حق ہے۔

واضح رہے کہ چوہدری نثار اور نوازشریف کے درمیان پاناما کیس کے فیصلے کے بعد سے تعلقات ناخوشگوار ہیں اور مختلف مواقعے پر دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی بھی کی ہے جب کہ ایک پریس کانفرنس میں چوہدری نثار نے کہا تھا کہ انہوں نے نوازشریف کا سیاسی بوجھ اٹھایا لیکن جوتیاں نہیں اٹھا سکتے۔

پارٹی سے ناراضی کی وجہ سے چوہدری نثار نے آزاد حیثیت سے جیپ کے نشان پر الیکشن لڑا تاہم وہ قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں سے ہار گئے۔