آخری دن تک حکومت بنانے کی کوشش کریں گے، حمزہ شہباز

Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آخری دن تک حکومت بنانے کی کوشش کریں گے اور دیوار سے لگانے کی کوششوں کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ حالیہ انتخابات میں بہت کچھ غلط ہوا، ان انتخابات میں دھاندلی کا ریکارڈ قائم ہوا، یہ تاریخ کے متنازع الیکشن تھے، پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 نہیں دیے گئے ہر حلقے میں ایجنٹس کو کمروں میں بند کردیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ لاہور اور پنجاب میں (ن) لیگ کو بہت پذیرائی ملی جب کہ یہ مینڈیٹ کسی نے بھیک میں نہیں دیا، عوام نے اختیار دیا ہے، (ن) لیگ پنجاب میں اکثریتی جماعت ہے لیکن یہ عام جیت نہیں ہمارے لوگ کٹھن مراحل سے گزر کر جیتے ہیں تاہم دیوار سے لگانے کی تمام تر کوششوں کے باوجود حکومت بنانے کی کوشش کریں گے، ووٹ پر جو ڈاکا ڈالا گیا ہے اس کو بے نقاب کریں گے، انصاف لے کر رہیں گے، عوام سمیت ہر فورم پر جائیں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے بعد لوگ ملک چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں لیکن نواز شریف بیمار بیوی کو چھوڑ کر واپس آئے، نواز شریف نے اٹک قلعے اور لانڈھی جیل بھی دیکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد امیدواروں کو جہازوں کے ذریعے بنی گالا کے طواف کروائے جارہے، عمران خان نے بہت اچھی باتیں کی ہیں اب دیکھنا یہ ہے کہ جمہوری روایات پنپ رہی ہیں یا نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سے بات چیت چل رہی ہے مشترکہ اپوزیشن کریں گے جو بھی رول ملا بھرپور طریقے سے ادا کریں گے، مرکز میں شہباز شریف اپوزیشن میں بیٹھیں گے جب کہ میں اپوزیشن لیڈر بنوں گا یا نہیں اس کا فیصلہ پارٹی کرے گی۔