پشاور (جیوڈیسک) خیبرپختونخوا کے حلقہ پی کے 70 میں دوبارہ گنتی پر عوامی نیشنل پارٹی کے خوشدل خان کامیاب ہو گئے جب کہ پی ٹی آئی کے شاہ فرمان ہار گئے۔
عام انتخابات میں خیبرپختونخوا کے حلقے پی کے 70 پشاور 5 سے تحریک انصاف کے امیداور شاہ فرمان نے 15 ہزار 404 ووٹ لیے تھے اور ان کے مدمقابل اے این پی کے خوشدل خان کے حصے میں 15 ہزار 357 ووٹ آئے تھے اور اس طرح شاہ فرمان 47 ووٹوں سے کامیاب قرار دیئے گئے تھے۔
اے این پی کے خوشدل خان نے حلقے میں دوبارہ گنتی کی درخواست کی تھی جس پر ریٹرننگ افسر نے حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جس میں خوشدل خان اپنے حریف شاہ فرمان پر سبقت لے گئے ہیں۔
ریٹرننگ افسر کے مطابق پی کے 70 میں دوبارہ گنتی کے بعد خوشدل خان 187 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ فرمان ایک اور صوبائی نشست پی کے 71 سے بھی کامیاب ہوئے ہیں، اس طرح وہ کے پی کے اسمبلی کے رکن ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں 66 نشستوں کے ساتھ سادہ اکثریت میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے تاہم شاہ فرمان کی شکست کے بعد اس کی ایک نشست کم ہو گئی ہے جب کہ عوامی نیشنل پارٹی کی خیبرپختونخوا اسمبلی میں نشستوں کی تعداد اب 7 ہو گئی ہے۔