سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے علاقے سوپور میں بھارتی فورسز نے مزید 2 کشمیریوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی فوج اور پولیس نے دونوں کشمیریوں کو سوپور میں محاصرے کے دوران شہید کیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ انتظامیہ نے ضلع بارہ مولہ میں انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے جبکہ تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب ضلع کپواڑہ میں مکمل ہڑتال ہے، جہاں جمعرات کے روز بھارتی فوج نے 2 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں گزشتہ ماہ 21 کشمیریوں کو شہید جبکہ 310 کو زخمی کیا، جن پر پیلٹ،گولیاں اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جولائی میں حریت رہنماؤں سمیت 169 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ قابض فوج نے محاصروں کے دوران 46 گھروں کو تباہ بھی کیا۔ ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں ہزاروں افراد نے شہید نوجوان بلال احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ مقبوضہ کشمیر میں اسلام آباد ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے اراکین نے بھارتی آئین کی دفعہ 35A کی منسوخی کی کوششوں کے خلاف لال چوک اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پویس نے امت اسلامی کے سربراہ قاضی یاسر احمد کو اسلام آباد میں اپنی پارٹی کے دفتر سے گرفتار کر لیا۔ سری نگر کے قریب دستی بم کے حملے میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس کے 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔