جکارتا (جیوڈیسک) انڈونیشیا میں سیاحت کے لیے مشہور جزیرے لومبوک میں زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 39 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے برابر میں واقع ایک اور سیاحتی جزیرے لومبوک میں زلزلہ آیا ہے جس کی وجہ سے متعدد عمارتوں اور گھروں کو نقصان پہنچا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 اعشاریہ صفر ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر زیر زمین تھی۔
زلزلے کی وجہ سے جزیرے پر نظام زندگی معطل ہوکر رہ گیا، متعدد عمارتوں اور گھروں کو نقصان پہنچا، بجلی کا نظام معطل ہو گیا۔
انڈونیشین ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے امدادی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی تاہم اس بات کو کئی گھنٹے گزر چکے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے برابر میں واقع جزیرے بالی پر بھی محسوس کیے گئے تاہم وہاں شدت کم تھی۔
زلزلے کے جھٹکے کے حوالے سے مقامی افراد نے ٹوئٹر پر لکھا کہ انہوں نے کچھ دیر قبل زلزلے کے زبردست جھٹکے محسوس کیے اور ان جھٹکوں کا دورانیہ 15 سیکنڈ سے زائد تھا۔
واضح رہے کہ بالی کے مشرق میں واقعے اس جزیرے لومبوک میں گزشتے ہفتے بھی 6 اعشاریہ 4 شدت کے زلزلے کے باعث 16 افراد ہلاک اور سیکڑو ں زخمی ہوگئے تھے۔