دنیا کا ہر ملک امریکہ سے دولت بٹورنا چاہتا ہے: صدر ٹرمپ

Donald Trump

Donald Trump

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جو ممالک اضافی کسٹم ڈیوٹی کے پابند نہیں ہونا چاہتے انہیں اپنی مصنوعات امریکہ میں پیدا کرنی چاہئیں۔

کسٹم ڈیوٹی کے بارے میں اپنے ٹویٹر پیج سے جاری کردہ بیان میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ “کسٹم ڈیوٹی کو بلند ترین سطح پر رکھا گیا ہے ۔ دنیا کا ہر ملک امریکہ سے دولت بٹورنا چاہتا ہے اور یہ چیز ہمیشہ سے ہمارے نقصان میں رہی ہے۔ اگر یہ ممالک کسٹم نہیں دینا چاہتے تو اپنی مصنوعات کی پیداوار امریکہ میں دیں”۔

ٹرمپ نے کہا ہے کہ اس اضافی کسٹم ڈیوٹی کے ساتھ ہم امریکہ کے 12 ٹریلین ڈالر قرضے کو اتارنا شروع کریں گے کہ جن میں زیادہ تر اضافہ سابق صدر اوباما کے دور میں ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم عوام کے لئے ٹیکسوں کو کم کر دیں گے اور کم از کم اپنے ملک کے لئے زیادہ اچھے تجارتی سمجھوتے کریں گے۔

امریکہ کے تجارتی نمائندے رابرٹ لاٹزر نے بدھ کے روز جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ ٹرمپ نے چین کے لئے 10 فیصد کسٹم ڈیوٹی کی شرح کو 25 فیصد تک بڑھانے کی ہدایت کی ہے ۔

اس کے جواب میں بیجنگ حکومت نے جمعہ کے دن 60 بلین ڈالر مالیت کے امریکی مال پر 4 مراحل میں کسٹم ڈیوٹی لگانے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکہ کے پبلک قرضہ جات 21 ٹریلین 305 بلین ڈالر ہیں۔