اسلام آباد (پریس ریلیز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے ترکی کی معاون سماجی تنظیم حیرات فاؤنڈیشن کے تعاون سے شامی بارڈر کے قریب ترکی کے شہر غازین تپ میں شامی مہاجر یتیم بچوں کے اقامتی ادارے’’آغوش الخدمت‘‘کا افتتاح کر دیا ۔اس حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور ،الخدمت کفالت یتامیٰ کے نیشنل ڈائریکٹر شاکر صدیقی،ترکی میں پاکستانی سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری طاہر محمد اورشامی یتیم بچوں سمیت ترکی کی معتبر شخصیات نے شرکت کی۔محمد عبدالشکور نے آغوش الخدمت کاا فتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہم حیرات فاؤنڈیشن اور اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے مشکور ہیں جنھوں نے اس عظیم مقصد کے حصول کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔
اس آغوش سنٹر میں 50یتیم شامی بچوں، بچیوں کو قیام و طعام، صحت و تعلیم اور ذہنی و جسمانی نشوونما کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔50 یتیم بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ آغوش الخدمت میں 200 شامی بچوں کومعیاری تعلیمی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔محمد عبد الشکور نے کہا کہ یونیسیف کی رپورٹ کے مطابق شام میں گذشتہ آٹھ سالوں سے جاری خانہ جنگی کی وجہ سے اب تک 60 لاکھ سے زائد شامی بچے متاثر ہوئے ہیں۔اس تمام صورتحال میں ترک حکومت کا کردار قابلِ تحسین ہے جس نے کم و بیش 8لاکھ شامی بچوں کی فلاح و بہبود اورنشوونما کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔ترکی میں پاکستانی سفارت خانے کے فرسٹ سیکرٹری طاہر محمد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنے حصے کی شمع جلاتے ہوئے پاکستان کا ایک مثبت پیغام اہل ترکی اور اہل شام تک پہنچایا ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن شامی مہاجرین کے لئے خوراک، شیلٹر اور طبی امداد کے حوالے سے مدد جاری رکھے ہوئے ہے اور ترکی میں آغوش الخدمت کا قیام پاکستانی بہن بھائیوں کی جانب سے شامی یتیم بچوں کے لئے تحفہ ہے ۔ تمام امتِ مسلمہ ایک قوم کی مانند ہے اور ہمیں بھی بحثیت قوم ملکر ان مفلوک الحال یتیم اور بے آسرابچوں کی فلاح وبہود کے لیے اپنا بھرپورکردار ادا کرنا ہوگا۔