متحدہ اپوزیشن کی اپیل پر ملک بھر میں احتجاج، دھرنے

Protest

Protest

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان میں حزبِ اختلاف کی جماعتیں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور نتائج میں رد و بدل کے خلاف بدھ کو ملک بھر میں احتجاج کر رہی ہیں۔

حزبِ مخالف کے اتحاد کی اپیل پر مرکزی احتجاج اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے کیا جائے گا جس کے لیے اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنما اور کارکن جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

احتجاج کی اپیل کرنے والی جماعتوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ مجلسِ عمل، عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی شامل ہیں۔

ان تمام جماعتوں کا موقف ہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات شفاف نہیں تھے اور کئی حلقوں میں انتخابی نتائج تبدیل کرکے دیگر جماعتوں کو فائدہ پہنچایا گیا۔

انتخابات میں قومی سطح پر کامیابی حاصل کرنے والی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پر امن احتجاج حزبِ اختلاف کا حق ہے۔

حزبِ مخالف کی جماعتوں کے اتحاد کی اپیل پر اسلام آباد کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی بدھ کو احتجاج کیا جارہا ہے۔

کوئٹہ سے وائس آف امریکہ کے نمائندے ستار کاکڑ کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سخت احتجاج کیا جارہا ہے اور بلوچستان کو ملک کے دیگر صوبوں سے ملانے والی تینوں مرکزی قومی شاہراہوں کو متحدہ مجلسِ عمل کے کارکنوں نے ہر طرح کی ٹر یفک کے لیے بند کر دیا ہے۔

جمعیت علماء اسلام کے صوبائی جنرل سیکریٹری ملک سکندر کے مطابق عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف حکومت مخالف اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکن بدھ کو صبح آٹھ بجے سے دوپہر دو بجے تک تمام قومی شاہراہوں کو بندرکھیں گے۔

ملک سکندر نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ ان کے کارکنوں نے کوئٹہ سے کراچی، کوئٹہ سے تفتان، کوئٹہ سے چمن، کوئٹہ سے ژوب اور کوئٹہ سے سکھر جانے والی قومی شاہراہوں کو بڑے پتھر اور گاڑیاں کھڑی کر کے بند کر دیا ہے اور بدھ کی مبینہ دھاندلی کے خلاف مخلف شہروں میں جلوس نکالے جائیں گے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق صوبائی دارالحکومت کو صوبے کے دیگر شہروں اور صوبوں سے ملانے والی قومی شاہراہوں کی بندش کے باعث لوگوں بالخصوص کوئٹہ آنے والے والے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور بعض مقامات پر خواتین اور بچوں سمیت لوگ پیدل کوئٹہ کی طرف آ رہے ہیں۔

پولیس اور لیویز حکام کے بقول اس وقت تک صوبے کے کسی بھی علاقے میں کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور سیاسی کارکن پر امن احتجاج کر رہے ہیں۔

کراچی سے ہمارے نمائندے خلیل احمد کے مطابق متحدہ مجلسِ عمل میں شامل جماعت جمعیت علماء اسلام نے کراچی کے بھی تین مرکزی داخلی راستوں پر بدھ کو دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے۔