پیرس (جیوڈیسک) فرانس میں پچاس کے قریب سواحلِ سمندر پر ایسے بینر آویزاں کیے گئے ہیں جن میں آنے والوں کے لیے “سگریٹ نوشی” کو ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ماحول کا تحفظ اور سگریٹ نوشی نہ کرنے والے افراد پر تمباکو نوشی کے منفی اثرات مرتب ہونے کو کم کرنا ہے۔
حالیہ اقدام چند برس قبل انسداد سرطان کی انجمن کی جانب سے شروع کی جانے والی ایک مہم کا حصّہ ہے جس کا مقصد فرانس کے 29 شہروں کے ساحلوں اور 218 مقامات عامّہ پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کروانا تھا۔ مذکورہ مقامات پر یہ پابندی مقامی بلدیہ کے فیصلے کے ذریعے عمل میں لائی جا رہی ہے۔
انسداد سرطان کی انجمن مقامات عامّہ کو “مسرّت اور صحت” کی جگہ بنانا چاہتی ہے۔ فرانس میں ہر سال 78 ہزار افراد سگریٹ نوشی کے سبب موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔
فرانس کے جنوب مشرق میں نیس وہ پہلا شہر تھا جہاں 2012ء میں ساحل پر سگریٹ نوشی کو ممنوع قرار دیا گیا۔ اسی طرح فرانس کے جزیرے کورسیکا میں 20 سواحلِ سمندر سگریٹ نوشی سے پاک ہو چکے ہیں۔