اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کراچی سے پارٹی کے سینئر رہنما عمران اسماعیل کو نیا گورنر سندھ بنانے کی منظوری دے دی ہے۔
اس بات کا اعلان عمران خان کی طرف سے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ بنی گالہ میں عمران اسماعیل سے ملاقات کے بعد کیا گیا۔
ملاقات کے بعد، میڈیا سے بات کرتے ہوئے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ’’اعتماد کرنے پر عمران خان اور پارٹی کا شکر گزار ہوں۔ کوشش ہوگی کہ سندھ کے تمام ’اسٹیک ہولڈرز‘ کو ساتھ لے کر چلوں۔ حریف جماعتوں سے کہتا ہوں آپ ایک قدم آگے بڑھائیں ہم دس قدم بڑھائیں گے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’سندھ اسمبلی میں اسپیکر، وزیر اعلیٰ سمیت تمام عہدوں کے چناؤ پر مقابلہ کریں گے‘‘۔
25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں عمران اسماعیل کراچی میں ڈیفنس کے علاقہ میں پی ایس 111 کی نشست سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ تاہم، اب گورنر سندھ بننے کی صورت میں انہیں یہ نشست چھوڑنی پڑے گی۔
عمران اسماعیل 1966 میں کراچی میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم کنٹونمنٹ پبلک اسکول سے حاصل کی، جس کے بعد انہوں نے گورنمنٹ نیشنل کالج سے گریجویشن کیا۔
عمران اسماعیل پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے اہم رکن ہیں اور ٹی وی شوز میں اپنی پارٹی کا دفاع کرنے کے لیے زیادہ جانے جاتے ہیں۔
تحریک انصاف اس سے قبل گورنر پنجاب کے لیے چوہدری سرور کے نام کی بھی منظوری دے چکی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف اس وقت مختلف شعبوں کے لیے ماہرین بھی تلاش کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں تعلیم کے شعبہ میں مشرف دور کے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے خالق ڈاکٹر عطاالرحمٰن اور اسی دور کے وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد کو مشیر بنانے پر مشاورت کی جا رہی ہے۔
قومی اسمبلی میں شاہ محمود قریشی کا نام اسپیکر کے لیے فائنل کیا گیا ہے۔ تاہم، ڈپٹی اسپیکر کے لیے اب تک کوئی نام فائنل نہیں ہوسکا، جبکہ پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار کا امکان ہے کہ آئندہ ایک سے دو روز میں اعلان کر دیا جائے گا۔