خواب سے تعبیر تک

Jashn-e-Azadi Pakistan

Jashn-e-Azadi Pakistan

تحریر : وقارانساء

پاک وطن سے ھماری دلی اور جذباتی وابستگی شہر شہر گاں گاں اور قریہ قریہ اس کے یوم آزادی کو جوش وخروش سے مناتے نظر آتی ہے ماہ اگست کے شروع ہوتے ہی چھتوں پر لہلہاتے قومی پرچم جھنڈیاں وطن کی محبت میں سرشار پاکستانیوں کی اپنے وطن سے والہانہ محبت کا ثبوت ہیں ۔ لباس ٹوپیاں اور بیج ہر بازار میں فروخت ہوتے نظر آتے ہیں ۔بازاروں کی رونقیں دیدنی ہوتی ہیں۔

قومی ترانہ ملی نغمے اس جوش اور جذبے کو بڑھاتے اور لہو کو گرماتے ہیں ۔لیکن وطن کی محبت عمل کی متقاضی بھی ہے جن میں سب سے اولینوطن کے قیام کا مقصد سمجھنا اور ان قربانیوں کو یاد رکھنا ہے جن کے بعد ھمیں آزادی جیسی نعمت ملی اور پھر اس کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔یہ وطن اقبال کا وہ خواب ہے جس کی تعبیر قائد اعظم محمد علی جناح نے دی۔اتنے سالوں میں ملک کئی بحرانوں سے گزرا مشکلات بھی درپیش رہیں لیکن ایک آزاد اور خودمختار وطن کا احساس ھمیشہ طمانیت بخشتا ہے ۔یہ ھمارا پیارا پاکستان ہے جو ہماری پہچان ہے۔اس کی حفاظت ھمارا فرض ہے۔

اس ملک کی سرحدوں پر اسکی حفاظت کے لئے مامور پاک فوج کے جوان ہر پل اور ہر آن اس پر نثار ہونے کو تیار ہیں اسکی سا لمیت کے لئے اپنی جانوں کانذرانہ دینے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کرتے ۔ آرمی چیف نے ملک کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لئے پہلے آپریشن ضرب عضب اور اب آپریشن ردالفساد کیا تاکہ ملک میں امن قائم ہو سکے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے فوجی جوانوں نے بہترین کردار ادا کیا ہے ۔پاک فوج کو سلام ہے یہی لوگ اس ملک کا فخر ہیں جن کا کردار ملک کی بہتری اور جن کا نصب العین ملک کی بقاہے اس ملک کے شہری ہونے کی حیثیت سے ھم سب پرذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ صرف خواب ہی نہ بنیں بلکہ اس ملک کی بہتری کے عملی کام بھی کریں۔

قطرہ قطرہ دریا بننے کے مصداق اسکی بہبود کے لئے چھوٹی چھوٹی کوششیں اسکی تعمیروترقی کا اھم زینہ ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کئی معاملات میں از خود نوٹسز لئے وہ معاملہ عدل وانصاف کا ہو اداروں کی بری کارکردگی کا ہو نکاسی آب کے مسائل کا ہو یا بجلی پینے کے صاف پانی کا ہو تعلیم اور صفائی کا ہو انہوں نے اپنے عہدے کا حق ادا کیا ۔ آئندہ سالوں میں عوام کو قحط اور پانی کی قلت سے بچانے کے ڈیمز کی تعمیر کو لازمی قرار دیا اور اس طرح لوگ بڑھ چڑھ کرخطیر رقوم دینے لگے عوام کو امید ہو چلی ہے کہ ملک میں تبدیلی کی لہر چل پڑی ہے ملک بہتری کی طرف گامزن ہو گا۔ انشا اللہ

اس سال یوم آزادی پر ملک کو سرسبز وشاداب بنانے کے لئے اقرار الحسن کا بھی بڑا کردار ہے اے آر وائے کی سر سبز پاکستان مہم کا آغاز کیا لوگوں کو شعور دیا ۔ا فواج پاکستان نے ایک کروڑ پودے لگانے کی مہم کا آغاز کر دیا۔ اس سال یوم آزادی سے قبل انتخابات ہو چکے ہیں کامیابی کے بعد عمران خان پر عزم ہیں کہ وہ اس ملک کو خوشحال پاکستان بنائیں گے جہاں تعلیم ہو گی روز گار ہو گا سب کے ساتھ یکساں انصاف ہو گا ملک سے بیروزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ ہو گا۔ ایسے ہی سر سبزوشاداب اور خوشحال ملک کا خواب سب کی آنکھوں میں بستا ہے انشااللہ اسکی تعبیر آنے والی حکومت دے گی۔

تحریر : وقارانساء