عمران خان اور شہباز شریف سمیت دیگر سیاستدانوں کا جشن آزادی پر خصوصی پیغام

Imran Khan and Shahbaz Sharif

Imran Khan and Shahbaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں 72واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اس مناسبت سے سیاستدانوں کی جانب سے بھی خصوصی پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔

متوقع وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی اور اپنے پیغام میں کہا کہ اس یوم آزادی پر میرے دل میں امید کا ایک عظیم چراغ روشن ہے، اقربا پروری اور بدعنوانی کے باعث ملکی معیشت کو سنگین بحران کا سامناضرور ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ اگر ہم نے اتحاد کا دامن تھامے رکھا تو منزل پالیں گے اور پاکستان قائد و اقبال کے خوابوں کی تعبیر بنے گا’۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 71 سال بعد آج بھی ہم منزل کی تلاش میں ہیں اور آج بھی جمہوریت کی کشتی بھنور سے نہیں نکل سکی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے ذریعے پاکستان کو ترقی و خوشحالی سے ہم کنار کرسکتے ہیں اور دعا ہے پاکستان صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنے، عوام الیکشن کے نتائج کو خوشیوں میں شامل نہیں کر پائے، کل قومی اسمبلی میں اس لیے آئے کہ ملک میں جمہوریت کی شمع روشن رکھ سکیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی ہم کشکول اٹھائے بیٹھے ہیں اور ماضی سے سبق نہیں سیکھا، دھاندلی زدہ الیکشن کو دھاندلی کہیں اور اس کی تحقیقات کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہر پاکستانی آج آزادی کا جشن منارہا ہے، خوشحالی، امن اور برابری کے لیے مشکل اور طویل سفر اور ہے لیکن ابھی عوام ایک ساتھ مل کر پاکستان کا جشن منائیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی اور قوم کے نام اپنے پیغام میں احمد ندیم قاسمی کی مناجات کا ایک مصرعہ بھی شیئر کیا۔

سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے جشن آزادی پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو جمہوری، ترقی پسند اور فلاحی ریاست بنائیں گے، قوم کو خوف کے حصار سے نکلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ملک کے تمام شہریوں کے برابر حقوق چاہتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے یوم آزادی کو تجدید عہد وفا قرار دیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن تجدید عہد وفا کا دن ہے اور ہمیں ملکر عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان سے ناانصافی، جہالت، غربت، انتہاپسندی اور ہر طرح کے استحصال کے بتوں کو پاش پاش کریں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے اہالیان وطن کو جشن آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی کی سالگرہ ایک ایسے ماحول میں منائی جا رہی ہے جس میں پاکستانی پر امید دکھائی دے رہے ہیں۔