کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر پیر کی شب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ملزم تو ہلاک ہوا لیکن گاڑی میں بیٹھی10 سالہ بچی بھی جاں بحق ہوگئی۔
Police Karachi
پیر کی شب تقریباً سوا 10 بجے اختر کالونی سگنل پر ڈاکوؤں اور پولیس میں مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم ہلاک ہوا تاہم اسی دوران گاڑی میں بیٹھی 10 سالہ بچی بھی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی۔
دس سالہ عمل گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بیٹھی تھی جب اس کے ماتھے پر ایک گولی لگی، فوری طور پر اسے پہلے کورنگی روڈ پر نجی اسپتال اور پھر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا پوسٹ مارٹم ہوا۔
لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ذکیہ کا کہنا ہے کہ بچی کو ماتھے پر سامنے سے ایک گولی لگی جو پیچھے سے نکل گئی، گولی چھوٹے ہتھیار کی تھی، حتمی رپورٹ دو سے تین دن میں جمع کروائی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکلوں پر سوار اہلکار ایک لوٹے گئے شہری کی شکایت پر موقع پر پہنچے تو مقابلہ ہوگیا۔ واردات کرنے والے ملزمان رکشے میں سوار تھے جو قیوم آباد چورنگی کی جانب سے کورنگی روڈ پر اختر کالونی سگنل پرآئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے قیوم آباد چورنگی پر بھی گاڑی میں سوار شہری کو لوٹا تھا۔ ڈیفنس تھانے کے قریب ناکے پر پولیس اہلکاروں کو شہری نے اطلاع دی اور موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکار جب موقع پر پہنچے تو مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے مبینہ ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور 8 چھینے گئے موبائل فونز ملے جبکہ جس گاڑی میں جاں بحق بچی بیٹھی تھی اس کی ڈگی کے قریب گولیوں کے دو جبکہ ونڈ اسکرین پر بھی گولی کاایک نشان ہے۔
پولیس کے مطابق موقع سے ایس ایم جی کے دو جبکہ پستول کے تین سے چار خول ملے، خول اور گاڑی کو فارنزک ٹیسٹ کےلیے بھجوایا جائے گا۔