افغان دارالحکومت کابل میں خودکش بم دھماکا، 48 افراد ہلاک، 70 زخمی

Suicide Bombing in Kabul

Suicide Bombing in Kabul

کابل (جیوڈیسک) ایجنسیاں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بدھ کو ایک تعلیمی مرکز کے باہر خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 48 افراد ہلاک اور کم سے کم 70 زخمی ہو گئے ہیں۔

افغان حکام کے مطابق حملہ آور بمبار نے کابل کے مغرب میں واقع شیعہ آبادی والے علاقے میں خود کو دھماکے سے اڑایا ہے۔افغان وزارت صحت نے اس تباہ کن خودکش بم دھماکے میں 48 افراد کی ہلاکت اور 67 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

فوری طور پر کسی گروپ نے اس خودکش حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔البتہ اسی علاقے میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے ماضی میں بعض حملوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔

دریں اثنا ء طالبان مزاحمت کاروں نے ایک بیان جاری کیا ہے اور اس میں انھوں نے اس بم دھماکے سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔واضح رہے کہ طالبان نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں افغان فوج اور سرکاری اداروں کے خلاف حملے تیز کررکھے ہیں۔

افغان حکومت کو وسطی شہر غزنی میں طالبان کے ایک شدید حملے کے بعد سے دباؤ کا سامنا ہے۔غزنی میں گذشتہ پانچ روز سے جاری لڑائی کے نتیجے میں سیکڑوں شہری اور افغان سکیورٹی فورسز کے اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

طالبان کے اس حملے کے بعد مغرب کے حمایت یافتہ افغان صدر اشرف غنی کی حکومت کو کڑی تنقید کا سامنا ہے اور یہ کہا جارہا ہے کہ وہ طالبان کے حملوں کے جواب میں امن وامان برقرار رکھنے کی صلاحیت کی حامل نہیں ہے۔