عمران خان اور شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے

Imran Khan - Shahbaz Sharif

Imran Khan – Shahbaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت عظمیٰ کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے گئے۔

قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد اگلا مرحلہ وزیراعظم کے انتخاب کا ہے جس کے لیے کل دن 2 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

وزیراعظم کے لیے عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں تجویز کنندہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید جب کہ تائید کنندہ فخر امام ہیں۔

قومی اسمبلی کے 17 اگست کو ہونے والے اجلاس کے دوران قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 18 اگست کو ایوان صدر میں صدر ممنون حسین نئے وزیراعظم سے حلف لیں گے۔

دوسری جانب ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے گئے۔

ان کے کاغذات نامذدگی خواجہ آصف، احسن اقبال اور ڈاکڑ درشن نے جمع کروائے۔

واضح رہے کہ 342 رکنی ایوان میں وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے 172 ووٹوں کا حصول لازمی ہے، اگر قائد ایوان کے لئے امیدواروں کی تعداد 2 یا اس سے زائد ہو یا کوئی امیدوار مطلوبہ تعداد میں ووٹ حاصل نہ کر سکے تو ایسی صورت میں عددی برتری رکھنے والے صرف 2 امیدواروں کے درمیان دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔

اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار کامیاب قرار پائے گا تاہم اگر دونوں امیدواروں کے ووٹوں کی تعداد برابر ہوئی تو ایسی صورت میں اسپیکر قومی اسمبلی کا ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔