مراد علی شاہ سندھ اور محمود خان خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ منتخب

Mahmood Khan - Murad Ali Shah

Mahmood Khan – Murad Ali Shah

کراچی/پشاور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ سندھ اور تحریک انصاف کے محمود خان نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہو گئے۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے کے لیے سید مراد علی شاہ پیپلز پارٹی جب کہ متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار شہریار مہر کے درمیان مقابلہ تھا۔

وزیراعلیٰ کے چناو کے لیے اسپیکر کی جانب سے مراد علی شاہ کے حامیوں کو اسمبلی ہال کے دائیں جانب اور شہریار مہر کے حامیوں کو بائیں جانب جمع ہونے کی ہدایت کی گئی۔

بعدازاں اراکین کی گنتی کے بعد اسپیکر آغا سراج درانی نے مراد علی شاہ کی کامیابی کا اعلان کیا جنہوں نے 97 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل شہریار مہر نے 61 ووٹ حاصل کیے۔

یاد رہے کہ مراد علی شاہ پیپلز پارٹی کی صوبے میں گزشتہ دور حکومت کے دوران بھی وزیراعلیٰ کے عہدے پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

دوسری جانب اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

وزیراعلیٰ کا انتخاب اراکین کو 2 لابی میں تقسیم کر کے کیا گیا جس کے لیے محمود خان کے حامی اراکین لابی نمبر دو اور متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں نثار گل کے حامی لابی نمبر ایک میں جمع ہوئے۔

اراکین کے لابی میں جمع ہونے کے بعد اراکین کی گنتی کی گئی جس کے بعد اسپیکر نے محمود خان کی کامیابی کا اعلان کیا جنہوں نے 77 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کل گورنر ہاوس میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جب کہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے وزیراعلیٰ ہاوس بھی خالی کر دیا۔