22 کا ہندسہ عمران خان کی زندگی کے اہم نشیب و فراز کا امین کیسے بنا؟

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین اور نو منتخب وزیر اعظم عمران خان جمعہ کو پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے۔ ان کی زندگی میں 22 کا ہندسہ بڑی اہمیت کا حامل رہا ہے۔

واضح رہے کہ شخصیت کے اعتبار سے وہ پاکستان کے 19ویں وزیر اعظم ہیں چونکہ پاکستان میں نواز شریف تین اور بے نظیر بھٹو علی الترتیب تین اور دو مرتبہ وزیر اعظم رہے ہیں۔

عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے 1992 کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتا اور پھر انھوں نے 1996 میں تحریک انصاف کی بنیاد رکھی تھی۔ عمران خان نے 18 سال کی عمر میں 1971 میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا اور پھر تقریبا 22 سال بعد 1992 میں پاکستان کو کرکٹ کا عالمی چیمپئن بنوایا۔

انھوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد 1996 میں تحریک انصاف کی بنیاد رکھی اور پھر 22 سال کی سیاسی جدوجہد کے بعد 2018 میں ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔عمران خان آج یعنی 17 اگست 2018 بروز جمعہ کو ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔ اسی طرح عمران خان نے پہلی مرتبہ 2002 میں قومی اسمبلی کی نشست جیتی تھی اور اگر دیکھا جائے تو 2002 میں بھی 22 کا ہندسہ نمایاں ہے۔