برسلز (پ۔ر) چیئرمین کشمیر کونسل یورپ (کے سی۔ ای یو) علی رضا سید نے پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے ایک بیان میں نئے وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو مبارکباد دیتے ہوئے علی رضا سید کہاہے کہ کشمیریوں کی عمران خان سے بہت توقعات وابستہ ہیں۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید اس سے پہلے ہی ایک خط کے ذریعے عمران خان سے کہہ چکے ہیں کہ وہ جنوبی ایشیاء میں امن کے عمل کے لیے ایک خصوصی ایلچی مقرر کریں جسے کے پاس نہ صرف جنوبی ایشیا میں امن کا عمل شروع کرنے کا اختیار ہو بلکہ وہ امن کی اس جدوجہد میں عالمی برادری کو بھی شامل کرنے کی کوشش کریں۔
انھوں نے امید ظٓاہر کی کہ عمران خان ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سےاٹھائیں گے۔
علی رضا سید نے زور دے کر کہاکہ تنازعہ کشمیر پر مذاکرات میں کشمیریوں کی شمولیت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہا کہ عمران خان مسئلہ کشمیر کے حوالے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ان کی مثبت سوچ سے تنازعہ کے پرامن اور مذاکرات کے ذریعے حل کی راہ ہموار ہوگی اور سترسالوں سے مصائب کا شکار کشمیریوں کی مشکلات کو کم کرنے کی کوششوں میں نمایاں پیشرفت ہوگی۔
علی رضا سید نے عمران خان کو یقین دلایا کہ کشمیرکونسل ای یو پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ کشمیریوں کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد ملے اور کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کا موقع مل سکے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مزید کہاکہ ہم امن اور مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں جس کا عمران خان نے بھی انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی پہلی تقریر میں تذکرہ کیا۔
ہم کوشاں ہیں کہ مسئلہ کشمیر پرامن طریقے سے حل ہو اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔ ہم خطے میں پائیدار امن کے خواہان ہیں اور عالمی برادری اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے تو امن کے امکانات مزید روشن ہوجائیں گے۔