واشنگٹن (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل اور نوبیل انعام یافتہ کوفی عنان 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
کوفی عنان نے جینیوا انسٹیٹیوٹ سے بین الاقوامی تعلقات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی، جس کے بعد 1962 میں انہوں نے اقوام متحدہ میں شمولیت حاصل کی۔
کوفی عنان انسانی حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں امن کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے۔
کوفی عنان وہ پہلے افریقی سیاہ فارم تھے جنہوں نے دنیا کے بڑے سیاستدانوں میں اپنی جگہ بنائی اور جنوری 1997 سے دسمبر 2006 تک اقوام متحدہ کے ساتویں سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز رہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے خصوصی نائب کے طور پر شام میں امن اور تنازعات کے حل کے لیے بھی خدمات انجام دیں۔
کوفی عنان نیلسن منڈیلا کی بنائی گئی تنظیم ‘دی ایلڈرز’ کے چیئرمین جب کہ ‘کوفی عنان فاؤنڈیشن’ کے سربراہ بھی تھے۔
کوفی عنان کو اقوام متحدہ کی جانب سے دنیا میں امن و استحکام کے لیے خدمات انجام دینے اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے پر 2001 میں نوبیل انعام سے نوازا گیا۔