لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ایم ہاؤس میں قیام کے دوران تمام اخراجات خود برداشت کیے۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں قیام کے دوران ہونے والے اخراجات کے تمام متعلقہ چیک موجود ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سابق وزیراعظم کے بیان کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے ٹیکس گوشوارے اتنے اخراجات سے مطابقت نہیں رکھتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے نواز شریف نے بسکٹس اور سینڈ وچ کے پانچ چھ سو روپے دیے ہوں مگر ساڑھے پانچ کروڑ روپے کے اخراجات ریکارڈ پر موجود ہیں۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ایون فیلڈ ریفرنس میں اپنی بیٹی مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے ہمراہ اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔