ن لیگ پیپلزپارٹی پر اعتزاز احسن کا نام واپس لینے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی

Shah Mehmood Qureshi

Shah Mehmood Qureshi

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی پر نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کا نام واپس لینے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔

ملتان میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کا نام مشاورت کے بعد ہی صدارتی امیدوار کے لیے پیش کیا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کا سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کا کردار قابل ستائش ہے اور اعتزاز نظریاتی سیاست کے محافظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی پر اعتزاز کا نام واپس لینے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے، اگر اعتزاز احسن کا نام واپس لیا گیا تو نظریاتی سیاست کو دفن کرنا ہو گا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی کے حوالے سے کہا کہ وہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے سیاست دان ہیں۔

جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی 5 سال حکومت رہی، وہ چاہتے تو جنوبی پنجاب صوبہ بنا سکتے لیکن شاید ان کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ قمر زمان کائرہ کا جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق بیان بہت دانشمندانہ تھا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو بھی جنوبی پنجاب صوبے کے معاملے پر سینیٹ اور قومی اسمبلی میں دوتہائی اکثریت چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بھی جنوبی پنجاب صوبے کے معاملے پر اکثریت اور اتفاق رائے چاہیے، سیاسی جماعتوں سے جنوبی پنجاب صوبے کے لیے مشاورت پر تیار ہوں، امید ہے پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب صوبے پر پیش رفت میں معاونت کرے گی۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں مقامی سیاسی تحریک اور انسانی صورتحال سے دنیا واقف ہے، کوشش ہے سنجیدگی اور دانشمندی سے پاکستان اور بھارت مسائل حل کریں۔

امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کی مشکلات اور ان کے خاندان کے کرب کا احساس ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قانونی ضروریات کا خیال رکھنا پڑتا ہے، کوشش ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو واپس لے آیا جائے۔

ملک میں جاری پانی کے بحران پر وزیر خارجہ کا مؤقف تھا کہ پاکستان میں پانی کا مسئلہ کوتاہیوں کی وجہ سے سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتوں نے پانی کو ذخیرہ کرنے پر توجہ نہیں دی، بھاشا ڈیم پر اتفاق رائے ہے، وزیراعظم کہہ چکے کہ ڈیم بنانے میں کسر نہیں چھوڑیں گے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانے کی خواہش پوری ہوئی ہے۔

ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں سے متعلق سوال پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے گستاخانہ خاکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پہلے دن عہدہ سنبھالتے ہی خارجہ سیکریٹریوں کو ہدایت بھی کی کہ او آئی سی ممالک مل کر آواز اٹھائیں گے تو اس میں جان ہو گی۔