پنجاب میں کرپشن کریں گے نہ کسی کو کرنے دیں گے، نئے پنجاب کو کرپشن سے پاک کر کے ہی دم لیں گے: عثمان بزدار

Usman Buzdar

Usman Buzdar

لاہور (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں ہو گی، نہ ہم کرپشن کریں گے نہ کسی اور کو کرنے دیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم محروم طبقے کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر دارالشفقت میں یتیم بچوں سے عید ملنے کے بعد انہوں نے کہا کہ یتیم بچے بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں ۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ عمران خان کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے مجھے وزیراعلیٰ کے لئے نامزد کیا، پسماندہ علاقے کی نمائندگی میرا میرٹ ہے۔ پاکستان کا ایجنٹ ہوں اور پاکستان کا ایجنٹ ہوکر ہی کام کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عید پاکستان میں تبدیلی کی بنیاد بنی ہے، نئے پاکستان کی خوشی نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید پر محروم طبقے کے ساتھ خوشیاں بانٹنا قومی و دینی فریضہ ہے، وطن کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو یاد رکھنا ہے۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا دورہ بھی کیا ہے۔

عثمان بزداردارالشفقت کے دورے کے بعد اچانک انسٹی ٹیوٹ پہنچے جہاں انہوں نے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ان میں مٹھائی بھی تقسیم کی۔