حوثیوں کے میزائل حملے میں الحدیدہ میں متعدد بچے جاں بحق

Children Dies

Children Dies

الحدیدہ (جیوڈیسک) یمن میں ایران نواز حوثی شدت پسندوں کی طرف سے ساحلی شہر الحدیدہ میں الدریھمی کے مقام پر ایک میزائل حملے میں متعدد بچے جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔

مقامی ذرائع نے بتایا کہ باغیوں کی طرف سے داغا گیا ایک میزائل حال ہی میں آزاد کرائے گئے علاقے ’الغلیفقہ‘ کے ایک گراؤنڈ میں گرا جہاں بچے کھیل رہے تھے۔ راکٹ کے دھماکے کے نتیجے میں متعدد بچے جاں بحق اور زخمی ہو گئے۔

درایں اثناء یمن کے سیکیورٹی ذرائع کے مطابق البیضاء گورنری میں کے رداع شہر میں ایران نواز حوثی باغیوں نے جگہ جگہ چیک پوسٹیں قائم کرکے شہریوں کی وحشیانہ پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اطلاعات کے مطابق رداع اور دوسرے علاقوں میں حوثیوں نے چوکیوں سے سیکڑوں افراد کو یرغمال بنا لیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حوثی شدت پسندوں نے تلاشی کی آڑ میں رداع شہر میں چیک پوسٹوں سے سیکڑوں خاندانوں کو جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں یرغمال بنا لیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے شہرو صنعاء، حضر موت، شبوۃ، مآرب اور دوسرے علاقوں میں عید کی چھٹیاں گذارنے جا رہے تھے۔

اطلاعات کے مطابق سیکڑوں شہریوں کو ظالمنانہ طریقے سے یرغمال بنائے جانے کے ساتھ باغی ملیشیا نے ان کی لوٹ مار شروع کر رکھی ہے۔ چیک پوسٹوں سے گذرنے والے شہریوں سے ان کی قیمتی اشیاء اور نقدی لوٹ لی گئی ہے۔