فلوریڈا (جیوڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر جیکسن ول میں فائرنگ کے واقعے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق جائے وقوعہ پر ایک مشتبہ شخص ہلاک ہوا ہے جو ممکنہ طور پر شوٹر تھا۔
جیکسن ول شیرف آفس نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لوگوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
جیسکن ول پولیس نے واقعے میں متعدد افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے تاہم ان کی تعداد ابھی تک نہیں بتائی گئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق ایک ویڈیو گیم ٹورنامنٹ کے دوران فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے صورت حال کو کنٹرول کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
خیال رہے کہ رواں سال کے آغاز میں فلوریڈا کی کاؤنٹی پارک لینڈ میں واقع ایک ہائی اسکول میں سابق طالب علم کی فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔