ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکار نواز الدین صدیقی اپنی جاندار اداکاری اور کردار میں ڈھل جانے کے باعث شہرت رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہیں ور سٹائل اداکار کہا جاتا ہے۔
بالی وڈ اداکار نے فلمی کیرئیر میں اب تک جتنے کردار کیے ہیں ، وہ مداحوں کو بے حد پسند آئے ہیں اور ان کا شمار بالی وڈ کے تینوں خانز کے ساتھ کام کرنے والے چند ہی اداکاروں میں ہوتا ہے۔
نواز الدین صدیقی نے نامور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بننے والی فلم میں مرکزی کردار کیا ہے اور فلم کے ٹریلر اور ڈائیلاگز پروموز کو فلم بینوں نے بے حد سراہا ہے۔
فلم ’منٹو‘ کو رواں سال ’کانز فلم فیسٹول‘ میں بھی پیش کیا گیا تھا جہاں فلم کو بے حد پسند کیا گیا لیکن اب اس فلم کے لیے نواز الدین کے معاوضے نے سب کو حیران کردیا ہے۔
فلم ’منٹو‘ کی ہدایت کارہ نندتا داس کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ فلم ’منٹو‘ کے لیے رشی کپور اور جاوید اختر نے ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا ہے جب کہ فلم میں سعادت حسن منٹو بننے والے نواز الدین صدیقی نے اس کردار کے لیے صرف ایک روپیہ معاوضہ لیا ہے۔
یاد رہے کہ رشی کپور نے فلم ’منٹو‘ میں فلم پروڈیوسر جب کہ جاوید اختر نے شاعر ’عابد علی عابد‘ کا کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ سعادت حسن منٹو کی زندگی پر بننے والی فلم ’منٹو‘ 21 ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔